Pages

Aug 30, 2010

جنگل کا قانون

آج بنام ِامن جو دہشت گردی ہے دنیا میں

اس سے دنیا والوں نے یہ بات سمجھ لی ہو گی


جنگل کا قانون ہے اب بھی دنیا بھر میں لاگو

جس کے ہاتھ میں لاٹھی ہو گی بھینس اُسی کی ہو گی

لائقِ انصاف

بیروت ہو بغداد ہو وانا ہو کہ کابل

یُو این او کے در پر ہیں عبث شائقِ انصاف

دنیا کے وڈیروں کا عقیدہ ہے ازل سے

مظلوم مسلمان نہیں لائقِ انصاف

Aug 28, 2010

مشورہ

پسینے کا چکا دیں محنتانہ

لہو کے قرض پلے پڑ نہ جائیں

جو حق مزدور کا ہے اُن کو دے دیں

کہیں لینے کے دینے پڑ نہ جائیں

خدا جانے

خدا جانے کہ سارے مالکوں کو

دکھائی دیتے ہیں کیوں شُوم مزدور

لگا دیتے ہیں اس مد میں کروڑوں

کہ لاکھوں سے رہیں محروم مزدور

ترقی

اپنے وطن کی ہم کبھی تعریف کرتے ہی نہیں

حُبِ وطن کے باب میں سب کا بلڈ ہے کولڈر

جا کر اسمبلی میں کوئی دیکھےترقی کا گراف

پہلے انگوٹھا چھاپ تھے اب جعلی ڈگری ہولڈر

Aug 19, 2010

مسلمان اور رمضان

ہم مسلمان تو ہر بار ظفر

سخت رمضان کی آمد کر دیں

کھانے پینے کی سبھی چیزوں کی

قیمتیں ڈیڑھ سو فیصد کر دیں

Aug 17, 2010

چودہ اگست ۔ ایک سوال

کیا سوچ کے ہم جشن آزادی مناتے ہیں

جس دور میں خودداری کج رائی ہے خامی ہے

پوچھے تو کوئی جا کے یہ قوم کے لیڈر سے

آزادی کا مطلب کیا امریکی غلامی ہے

Aug 16, 2010

سچی سرکار

ٹھیک ہے سرکار کا اعلامیہ

میڈیا کے دعوے تو سچے نہیں

وہ جو زرداری پہ برسے تھے ظفر

قوم کے جذبات تھے جوتے نہیں

Aug 13, 2010

بارِ خدا

تھے ہم بھی نام لیوا اعلیٰ قدروں کے
پر اب اُن کی پذیرائی نہیں باقی
ظفر ہر دوسرا بندہ صحافی ہے
قسم کھانے کو سچائی نہیں باقی

Aug 12, 2010

آج کا اخبار

یہ قتل یہ فساد یہ ڈاکے یہ حادثے

اخبار دیکھ کر مجھے چکر سا آ گیا

کیا واقعی یہ آج کا اخبار ہے ظفر

یا تو کسی وکیل کی فائل تھما گیا

اِس حمام میں

طمع کس کی ہے جو خفتہ ہے اب تک

نظر کس کی ہے جو کانی نہیں ہے

کرپشن سب کی ظاہر ہو چکی ہے

یہ ٹوپی اب سلیمانی نہیں ہے

تم

تیرے وعدوں پر یقیں آتا ہے کم

جھوٹ کا طومار لگتے ہو مجھے

ہانکتے ہو اِس قدر بے پر کی تم

شام کا اخبار لگتے ہو مجھے

Aug 11, 2010

زرداری اور جوتیاں

حضرتِ بش کی ہمسری پائے
ہر کسی کا یہ مرتبہ نہ ہوا
سچ تو یہ ہے کہ صدر زرداری
جوتیاں کھا کے بے مزا نہ ہوا

احساس مر نہ جائے تو ۔۔۔


کرتے رہے جو صرفِ نظر اپنی قوم سے
اُن لیڈروں کی دہر میں سبکی بڑی ہوئی
احساس مر نہ جائے تو زرداری کے لئے
کافی ہیں سر پہ جوتیاں دو ہی پڑی ہوئی


Aug 7, 2010

ایک دعا

حماقت پہ قائم رہیں لوگ دائم
پھلے اور پھولے سیاست کا پیشہ
وطن والے سارے جہنم میں جائیں
میاں اور زرداری کھپیں ہمیشہ

Aug 5, 2010

سرزنش

شریفوں کے نہیں ہوتے ہیں یہ لچھن
کہے دیتا ہوں تجھ سے گالیاں نہ دے
میں تیرے کان جڑ سے کھینچ ڈالوں گا
ابے الّو کے پٹھے گالیاں نہ دے

قومی کرکٹ ٹیم

جب ظفر یاب تھے کیا کیا تھے ہمارے ہیرو
اب جو ناکام ہوئے ہیں تو لگے کیا مس فٹ
کیوں نہ ہر میچ میں ٹھینگوں کے انعامات ملیں
گلی ڈنڈے کی طرح کھیل رہے ہیں کرکٹ

اور زیادہ

بھاڑ میں جائے ملک کی غربت
اور تولید کی بڑھے رفتار
تم سلامت رہو ہزار برس
ہر برس بیٹے ہوں پچاس ہزار

اے وطن

عزیز از جان ہیں تیری فضائیں
یہ پیرس یہ یہ جنیوا کچھ نہیں ہے

مگر اسلام جو نہ راس آئے
جواز اے دیس تیرا کچھ نہیں ہے

مسائلستان

معاشی مسئلہ ہو یا سیاسی

بلائے جان بنتا جا رہا ہے

یہ پاکستان یہ اپنا وطن بھی

مسائلستان بنتا جا رہا ہے

Aug 4, 2010

تلخ حقیقت

قوم نے ہر آمر کو بھگایا
اور جمہوری بھوت لئے ہیں
روٹی کپڑا مکاں والوں نے
گولی کفن تابوت دئے ہیں

Aug 3, 2010

****ارے نوج****

یہ کن کو چُن بیٹھے ہیں
پگلا تُو اور کملی میں
جن کو جیل میں ہونا تھا
بیٹھے ہیں اسمبلی میں