Pages

Aug 30, 2010

جنگل کا قانون

آج بنام ِامن جو دہشت گردی ہے دنیا میں

اس سے دنیا والوں نے یہ بات سمجھ لی ہو گی


جنگل کا قانون ہے اب بھی دنیا بھر میں لاگو

جس کے ہاتھ میں لاٹھی ہو گی بھینس اُسی کی ہو گی

لائقِ انصاف

بیروت ہو بغداد ہو وانا ہو کہ کابل

یُو این او کے در پر ہیں عبث شائقِ انصاف

دنیا کے وڈیروں کا عقیدہ ہے ازل سے

مظلوم مسلمان نہیں لائقِ انصاف

Aug 28, 2010

مشورہ

پسینے کا چکا دیں محنتانہ

لہو کے قرض پلے پڑ نہ جائیں

جو حق مزدور کا ہے اُن کو دے دیں

کہیں لینے کے دینے پڑ نہ جائیں

خدا جانے

خدا جانے کہ سارے مالکوں کو

دکھائی دیتے ہیں کیوں شُوم مزدور

لگا دیتے ہیں اس مد میں کروڑوں

کہ لاکھوں سے رہیں محروم مزدور

ترقی

اپنے وطن کی ہم کبھی تعریف کرتے ہی نہیں

حُبِ وطن کے باب میں سب کا بلڈ ہے کولڈر

جا کر اسمبلی میں کوئی دیکھےترقی کا گراف

پہلے انگوٹھا چھاپ تھے اب جعلی ڈگری ہولڈر

Aug 19, 2010

مسلمان اور رمضان

ہم مسلمان تو ہر بار ظفر

سخت رمضان کی آمد کر دیں

کھانے پینے کی سبھی چیزوں کی

قیمتیں ڈیڑھ سو فیصد کر دیں

Aug 17, 2010

چودہ اگست ۔ ایک سوال

کیا سوچ کے ہم جشن آزادی مناتے ہیں

جس دور میں خودداری کج رائی ہے خامی ہے

پوچھے تو کوئی جا کے یہ قوم کے لیڈر سے

آزادی کا مطلب کیا امریکی غلامی ہے