Pages

Oct 6, 2010

مآلِ کار

حقّہ پانی بھرنا ہے یس سر یس سر کرنا ہے
چُپ چپیتے سہنی ہے ماں بہن کی ہر گالی
دلبریٔ امریکہ میں تو ایسا ہونا تھا
منہ تو کالا کرتی ہے کوئلوں کی دلالی

شاوا پاکستان

اپنے جوتے اپنے سر کا عجب نظارا پاکستان
اپنے ہاتھوں بنا ہوا ہے ایک تماشہ پاکستان
نیٹو کی بمباری کا ترجیحی خطہ ۔۔۔۔ پاکستان
نیٹو کو ہتھیاروں کی سپلائی کا ذریعہ پاکستان

Oct 4, 2010

بارِ لطافت

گرانی کے اِس دور میں کیا کہیں
اگرچہ محبت تری چاہیئے
ترے ناز ہم سے تو اُٹھتے نہیں
اب اس کے لئے اِک قلی چاہیئے

علامت

امریکہ کی منشا ہے
پاکستان میں مرد نہ ہوں
آپ بھی داڑھی رکھتے ہیں
آپ بھی دہشت گرد نہ ہوں

تاوانِ امن

کتنے معصوموں کا خوں کرنا ہے
کتنے مظلوموں کا نکلے گا دم
اپنے مطلب کا اگر کرنا ہے
امن ہوتا نہیں یونہی قائم

Oct 2, 2010

جنسِ تجارت

غیرت کبھی ڈالر سے خریدی نہیں جاتی
آزادیاں شرمندۂ قیمت نہیں ہوتیں
دیکھا نہیں کرتے یونہی تاجر کی نظر سے
قومیں تو کبھی جنسِ تجارت نہیں ہوتیں

Oct 1, 2010

نائن الیون

اک خوگرِ انصاف کا انصاف بھی دیکھا
جب مجھ کو ہی ہر وار لگا میرے وطن میں
چہ خُوب وقوعہ ہوا امریکہ میں لیکن
تفتیش کا بازار لگا میرے وطن میں