Pages

Oct 30, 2010

سیاسی ڈپلومیسی

لُوٹ لیجے ڈپلومیسی کے مزے
عالمِ بے خانماں برباد میں
گالیاں دے لیجئے دل کھول کر
معذرت کر لیجئے گا بعد میں

عدلیہ سے

چھپکلی پر ہاتھ ڈالا ہے بڑا اچھا کیا
دیکھنا ہے کیا مگرمچھ کو پکڑ پائیں گے آپ
چور کو پکڑا ہے لیکن بات تب بن پائے گی
چور کی ماں کو بھی کوئی ہاتھ دکھلائیں گے آپ

Oct 27, 2010

قومی کرکٹ ٹیم سے

رہے یاد کرکٹ کے میدان میں
حدیں انبساط و طمع کی ہیں طے
یہ نقطۂ باریک مت بھولنا
جوئے اور کرکٹ میں کچھ فرق ہے

Oct 26, 2010

بیچارہ امریکہ

ساری دنیا میں ہو رہی ہے ظفر
کس لئے ہائے ہائے امریکہ
ایٹمی اسلحہ بناتا ہے
تاکہ مکھیاں اُڑائے امریکہ

Oct 25, 2010

کیوں نہیں

جب یہ ملک و قوم اُن کے باپ کی جاگیر ہے
ایک اُن کے ہاتھ سے بجتی ہے تالی کیوں نہیں
حکمرانوں میں چمونے ہیں اسی احساس کے
عدلیہ اب تک ہمارے گھر کی لونڈی کیوں نہیں

نیب کا چئرمین

کالے کرتوتوں پر رہے پردہ
حکمرانوں کا پورا سپنا ہو
سارے کیسوں سے جان چھٹ جائے
نیب کا چئرمین اپنا ہو

Oct 22, 2010

مفت کا پنگا

بدبختی ہے یا مفت کے پنگوں کا شوق ہے
دیمک ہے ایک قومی قیادت کے درمیاں
پھر پڑ گیا اٹھارہوں ترمیم پر ظفر
اک میچ عدلیہ اور حکومت کے درمیاں