Pages

Jul 21, 2012

پہلا روزہ

چھیڑتے ہیں ہمیں سب کہہ کے دُخانی انجن
بسکہ جاں دادہء تمباکو ہے یہ دل خاصا

ہم کو گچی سے پکڑ لیتی ہے سگریٹ نوشی
پہلا روزہ ہے ہمارے لئے مشکل خاصا

Jul 1, 2012

لطف سزا

قوم کے پاؤں میں ہیں مجبوریوں کی بیڑیاں
جرم جب کوئی نہ ہو لطف سزا ہی اور ہے

چین ہے دن کا نہ شب کی نیند باقی ہے ظفر
گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ کا مزا ہی اور ہے

Jun 20, 2012

انقلاب

ایسا کوئی بھی مظہر دیس میں نہ رہ پائے
جو ہمارے جیون میں زہرِ بے بسی لائے

ہاں مگر ہم اپنا تو رسک لے نہیں سکتے
انقلاب لائے تو دوسرا کوئی لائے

Jun 19, 2012

ہمارے ہوٹل

یہ فضیلت ہے ہمارے ہی وطن کو حاصل
اور ملکوں میں کہاں اس کا چلن ہوتا ہے

بھول کر بھی اُسے ہوٹل نہیں کہتے ہیں ہم
کاکروچوں سے تہی جس کا کچن ہوتا ہے

Jun 18, 2012

انتظار کا عالم

رہ رہ کے اُٹھ رہی ہے اُسی کی طرف نظر
گھڑیال میرے صبر کو کرنے لگا ہے چٹ

گھنٹہ بھی لوڈ شیڈنگ کا گھنٹوں سا بن گیا
ہر دس منٹ کے بعد گزرتے ہیں دو منٹ

Jun 16, 2012

لوڈ شیڈنگ کی برکت

لوڈ شیڈنگ رہتی ہے میرے دیس میں شب بھر
بس اِسی سبب سے کچھ باہنر بنا ہوں میں

رات بھر اِسی کی تو مشق کرتا رہتا ہوں
مچھروں سے لڑ لڑ کر ریسلر بنا ہوں میں

Jun 13, 2012

استغفر اللہ

یہ ہے سیاستدانوں کی کچھ
عقلِ رسا سے اوپر کی شے

عزت ہے کس کھیت کی مولی
غیرت کس ہوٹل کی ڈش ہے